اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کے متنازع آؤٹ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی وی امپائر کے فیصلے کے خلاف آئی سی سی کو شکایت درج کرا دی ہے۔ایشیا کپ کے پاک-بھارت میچ کے دوران ٹی وی امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا، جس پر پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے میچ کے بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق، پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کپتان کی میچ رپورٹ میں بھی اس فیصلے کو نمایاں کیا ہے اور آئی سی سی کے امپائرز اور منیجر کو باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اس اہم مقابلے کے لیے ایک نسبتاً غیر معروف اور کم تجربہ کار ٹی وی امپائر کو تعینات کیا گیا تھا۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے امپائر عزت اللہ صفی نے فخر زمان کو کیچ آؤٹ قرار دیا، حالانکہ فیصلہ متنازع رہا اور اس کا اثر براہِ راست میچ کے نتائج پر پڑا۔پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ممکن ہے فخر زمان کا آؤٹ درست نہ ہو، لیکن چونکہ فیصلہ امپائرز کا ہوتا ہے اس لیے اسے تسلیم کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کو لگا تھا کہ گیند زمین سے لگی ہے۔خیال رہے کہ فخر زمان اس وقت 15 رنز بنا کر کھیل رہے تھے اور پاکستان کا اسکور 21 رنز تھا، اسی دوران وہ آؤٹ قرار پائے۔ واپسی پر ڈریسنگ روم میں فخر زمان اور ہیڈ کوچ دونوں نے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا۔