اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آج 19اپریل بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اوران کی دوسری زوجہ مریم جناح المعروف رتی جناح کی شادی کی سالگرہ کا دن ہے ۔قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مریم جناح(رتی جناح)کی شادی19 اپریل 1918 کو بمبئی میں ہوئی جس میں صرف قریبی احباب کو مدعو کیا گیا تھا، شادی کی انگوٹھی راجہ صاحب محمودآباد نے تحفے میں دی تھی۔
رتی جناح سرڈنشا پٹیٹ کی اکلوتی بیٹی تھیں اور ان کا خاندان کپڑے کی صنعت میں نمایاں مقام رکھتا تھا۔رتی جناح پیدائشی طور پر اپنے والدین کے پارسی مذہب پر تھیں مگر قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی شخصیت نے آپ کو اسلام کی جانب مبذول کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور آپ نے باقاعدہ اسلام کا مطالعہ شروع کر دیا اور شادی سے قبل 18برس کی عمر میں آپ نے اسلام قبول کر لیا تھا ۔ آپ کا اسلامی نام مریم جناح رکھا گیاتھا۔برصغیر کی سیاسی صورتحال نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی مصروفیات بڑھا دی تھیں جس کی وجہ سے آپ ؒ اور رتی جناح کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی۔1927میں رتی جناح کی طبیعت خراب ہوئی اور مسلسل بگڑنے لگ گئی اور بالآخر 20فروری 1929کو وہ انتقال کر گئیں۔قائداعظم محمد علی جناحؒ کو رتی جناح سے بے پناہ محبت تھی ، قائد کی اپنی چہیتی زوجہ سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ زندگی میں صرف دو مرتبہ روتے ہوئے دیکھے گئے اور یہ دونوں مرتبہ رونا رتی جناح کیلئے تھا ایک بارتب جب انہیں ان کی چہیتی زوجہ کی قبر پر مٹی ڈالنے کا کہا گیا اور ایک بار اگست 1947 میں کہ جب وہ آخری مرتبہ اپنی شریکِ حیات کی قبر پر تشریف لائے تھے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی رتی جناح کے بطن سے صرف ایک بیٹی تولد ہوئیں جن کا نام دینا جناح رکھا گیا۔