آپ اپنے گھر پر روزانہ کتنا وقت گزارتے ہیں؟ سوال بہت آسان اور مختصر تھا۔مگر اس معمولی سوال کا جواب بھیانک، المناک اور تہلکہ خیز تھا۔بزنس مینجمنٹ کے طلبہ کو ہدف دیا گیا تھا کہ کراچی کے پوش علاقے ’’ڈیفنس‘‘ کے 10ایسے عالی شان گھروں کا انتخاب کریں جن کی قیمت کم از کم 50کروڑ روپے ہو۔ ان 10گھروں کے مالکان سے یہی چھوٹا سا سوال کرنا تھا: ’’ آپ اپنے گھر پر روزانہ کتنا وقت گزارتے ہیں؟‘‘
اس سروے پر کئی دن لگ گئے۔ مالکان سے ملاقات اتنی آسان تو نہیں تھی۔جس شخص سے بھی یہ سوال پوچھا گیا وہ پہلے حیران ہوا اور پھر پریشان۔ جب سروے مکمل ہوا تو اس کے نتائج بہت حیران کن تھے۔50کروڑ روپے کے وسیع و عریض گھروں کے مالکان نے بتایا کہ وہ روزانہ ان قیمتی اور عالی شان گھروں میں ساڑھے چار سے پانچ گھنٹے ہی رک سکتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اپنے گھر کو اتنا کم وقت کیوں دیتے ہیں؟ایک ارب پتی سے یہ سوال پوچھا گیا تووہ بھونچکا رہ گیا۔ اس نے پوچھا: تم کہاں سے آئے ہو؟ اسے بتایا گیا کہ کالج آف بزنس مینجمنٹ کے طلبہ ہیں۔ وہ کالج میں آکر ان کے استاد سے ملا۔کہنے لگا: میں گزشتہ 24سال سے کاروبار کررہا ہوں۔میرے اس وسیع و عریض گھر کا ماہانہ خرچ 25لاکھ روپے ہے۔ پچھلے 24سال میں سے 17سال میں نے ہوٹلوں میں قیام کیا۔ کبھی ذہن میں خیال ہی نہیں آیا کہ کیا کررہاہوں؟ اپنے گھر، خاندان اور رشتہ داروں کو کتنا وقت دے رہا ہوں؟بیوی، بچوں کے حقوق پوری طرح ادا کررہا ہوں کہ نہیں؟انسان کو محنت ضرور کرنا ہوگی۔محنت کیے بغیر کوئی منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔ مگر محنت کا یہ مطلب تو ہرگز نہیں کہ زندگی کا مقصد ہی دولت کمانے کو بنالیں۔عزیز، رشتہ دار اور بچوں کے حقوق فراموش کردیں۔اپنی زندگی کی تمام تر توانائیاں دولت کے بجائے کسی عظیم مقصد پر قربان کریں۔ آپ غور کریں تو پتہ چلے گا
کہ ہر امیر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا کوئی پلاٹ نہ بکے، اس کے بینک اکاؤنٹ میں کمی نہ آئے۔ اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ نئی دولت کماتا ہے۔کیا زندگی کی اس تمام تر تگ و دو کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہروقت اکاؤنٹ بھرے رہیں، کئی شہروں میں گھر بن جائیں اور کئی پلاٹ ملکیت میں آجائیں۔ آئیے! اپنے نبی کی ہدایات پر عمل کیجئے!۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص بہترین نہیں جو دنیا کو آخرت کے لئے چھوڑ دے یا اپنی آخرت کو دنیا کی خاطر قربان کردے۔ جب تک دنیا اور آخرت دونوں سے اپنا حصہ نہیں پالیتا(اس وقت تک بہترین نہیں بن سکتا)



















































