لاہور/نارووال ( این این آئی)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں لگنے والی مویشی منڈیوںمیں جانوروں کی قیمتیں زیادہ ہونے کیو جہ سے فروخت میں کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں عید الاضحی کی آمد کے موقع پر مویشی منڈیاں لگ چکی ہیں لیکن قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ سالوں کے برعکس امسال خریداری کا رجحان بہت کم ہے ۔ خریداری کے لئے آنے والوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی قیمتیں سن کر واپس جارہے ہیں ۔تین سے چار من کے بیل کی قیمت تین سے چار لاکھ ،بکرا اسی ہزار سے ایک لاکھ،دنبہ اور چھترا کے ریٹ ستر ہزار سے زائد مانگے جارہے ہیں۔دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانور رکھنے پر آنے والے اخراجات اتنے زیادہ ہو گئے ہیں یہ کاروبار اب منافع بخش نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تو کوشش ہے کہ عوام قربانی کا فریضہ سر انجام دیں لیکن مہنگائی کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔