لاہور (این این آئی) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں تمام سرکاری سکولوں کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کے لئے اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کل (پیر )19جنوری سے تمام سرکاری سکول مکمل طور پر فعال ہوں گے۔
ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ سکول کھلنے سے قبل صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں اور ہر سکول میں محفوظ اور صاف ماحول یقینی بنایا جائے، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی حاضری لازمی ہو گی تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔سکولوں میں تمام انتظامی، تعلیمی اور سپورٹ انتظامات پہلے مکمل کرنے کیلئے سی ای اوز ایجوکیشن کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کروائیں۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور غفلت یا لاپرواہی کو قواعد کے تحت سنجیدگی سے نمٹا جائے گا۔















































