اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب عرفان قادر نے کہا ہے کہ ملٹری ٹرائل کیخلاف اس 7 رکنی بینچ کا فیصلہ بھی کوئی نہیں مانے گا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے معاملے کو متنازع نہیں بنایا، چیف جسٹس نے غلط بینچ بنا کر معاملے کو متنازع بنایا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں عرفان قادر نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے قانون کو فالو کر کے ٹھیک کیا ہے، نامزد چیف جسٹس نے کہا بینچ ہی غیر قانونی ہے،
اس بینچ کا جو بھی فیصلہ ہو گا غیر قانونی ہو گا، اس بینچ کا جو فیصلہ آئے گا اسے اگنور کر دیں گے، فیصلہ اگنور کرنے پر ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب عرفان قادر نے کہا کہ چودہ مئی کے فیصلے والے دن ہی کہہ دیا تھا خلاف قانون فیصلے پر عمل نہیں ہو گا، چودہ مئی والا فیصلہ ہی غلط تھا، اسی بینچ کی بھی وہی صورتحال ہو گی، کوئی فیصلہ نہیں مانے گا، حاضر چیف جسٹس کی کوئی وقعت نہیں، موجودہ چیف جسٹس ڈیفیکٹو چیزیں کر سکتے ہیں۔