لاہور(این این آئی)بائیں ہاتھ سے اننگز کا آغاز کرنے والے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے قوی امکان ہیں۔سری لنکا کے دورے سے قبل لاہور میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے لگائے گئے کیمپ میں اوپنر فخر زمان کو مدعو کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جولائی میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے سری لنکا جائیگی، جو کہ ا?ئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید کی خواہش ہے کہ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی جدید انداز کی جارحانہ روئیے کی کرکٹ کو اپنائے اور ٹیم مینجمنٹ انہی خطوط پر کھلاڑیوں کی تربیت کے فارمولے پر کام کر رہی ہے۔
بالخصوص بلے بازوں کو طویل دورانئیے کی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے اور تیز انداز میں کھیلنے کا پیغام بھی دیا جارہا ہے۔اسی تناظر میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پی سی بی کا تھنک ٹینک فخر زمان کو تیسٹ ٹیم میں واپس لانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اسی سوچ کیساتھ انہیں لاہور کے کنڈیشنگ کیمپ میں بلایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فخر زمان ابتدا میں اس کیمپ کا حصہ نہیں تھے، پاکستان کے لئے 70 ون ڈے اور 76 ٹی ٹوئینٹی کھیلنے والے 33 سالہ فخر زمان نے 3 ٹسیٹ کی 6 اننگز میں 32.00 کی اوسط سے 192 رنز 2 نصف سینچریوں کی مدد سے بنا رکھے ہیں۔فخر زمان نے جنوری 2019 میں آخری ٹیسٹ کیپ ٹاون میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا۔