اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی آئی سوات کے صدر و سابق ایم این اے سلیم الرحمن اورسابق ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی کے خلاف فوجی عدالت میں کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے سلیم الرحمن اور سابق ایم پی اے فضل حکم یوسفزئی پر تھانہ سیدو شریف میں انسدادِ دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دونوں رہنمائوں کو مقدمے میں گرفتار کرنے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائیگا ،ریمانڈ ختم ہونے کے دونوں کو جیل بھیجا جائے، پھر آرمی ایکٹ کے تحت ان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کے لئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کو درخواست دی جائیگی۔عدالتی منظوری کے بعد جیل حکام ان کو فوجی عدالت میں کارروائی کے لئے فوج کے حوالے کردے گی۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد دونوں رہنمائوں نے چیف آف آرمی سٹاف کے خلاف دھمکی آمیز گفتگو اور پاکستان کو جلانے کی بات کی تھی جس پر حکومت نے دونوں کے خلاف فوجی عدالت میں کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اعلی حکام کریں گے۔