راولپنڈی (این این آئی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جی 20اجلاس میں تمام ممالک کو بائیکا ٹ کرنا چاہیے، چین ، ترکی اور پاکستان کا اجلاس میں انکار دنیا کے لیے پیغام ہے،یاسین ملک کو پاکستان سے محبت کی سزا مل رہی ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں کبھی رائیگا ں نہیں جائینگی ۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 17سے امیدوار چوہدری انعام ظفر کی رہائش گاہ حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا،مشعال ملک کی چوہدری ظفر الحق حویلی آمد پر الیاس سبحانی ،ملک عنصر،نذیر کشمیری، فرحت امین ، صنوبر گل،تنویر افضل شیخ، اقبال انجم ، رضوان قریشی ، اظہر علی قادری، ثمینہ شعیب ، روبینہ صدیق ،ساجدہ اطہر، شاہین صدیق ،دولتانہ کوثر ، ودیگر خواتین نے ان کا استقبال کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جی 20 اجلاس میں تمام ممالک کو بائیکا ٹ کرنا چاہیے ۔ چین ، ترکی اور پاکستان کا اجلاس میں انکار پوری دنیا کیلئے ایک پیغام ہے ۔ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر متنازعہ خطہ ہے بھارت نے اس پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ کشمیر ی عوام 75 سال سے دس لاکھ بھارتی فوجیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں،کشمیری عوام ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اس کا حق دینا ہوگا، بھارت کی جانب سے جی20 اجلاس کی سیکورٹی کے نام پر کشمیریوں کا جینا محال کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو پاکستان سے محبت کی سزا مل رہی ہے ، کشمیری عوام کی قربانیاں کبھی رائیگا ں نہیں جائینگی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک پہلے اپنے وفد مقبوضہ کشمیر بھجیں جو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دیکھیںاور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کو دکھائیں ۔