پشاور(این این آئی)محکمہ خوراک نے مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار کر کے فوڈ پوائنٹس مالکان کو سپلائی کرنیوالے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹر ولرز تسبیح اللہ، کمال احمد اور فوڈ انسپکٹر شاہ فہد نے جناح پارک کے سامنے گوداموں پر چھاپے مارے جہاں پر مرغیوں کے ہڈیوں سے مشینوں کے ذریعے قیمہ نکالا جا رہا تھا
جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشینوں اور بیس ہزار کلو ہڈیوں کو قبضے میں لے کر تلف کردیا جبکہ ملزمان کو متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا ۔ محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ گودام میں مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار کرنے کے بعد قیمہ کو شادی ہالوں، شامی کباب ‘ سموسہ رول ‘ چپلی کباب اور سیخ کباب فروشوں کو سپلائی کیا جاتا ہے ۔
راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں گرفتار افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنیوالے فوڈ پوائنٹس مالکان اور خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیں تاکہ شہریوں کو معیاری و صاف ستھری اشیاء کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔