اسلام آباد (این این آئی)ملک میں بڑھتی مہنگائی نہ رک سکی، ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ صفر پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح اڑتالیس اعشاریہ پینتیس فیصد ہوگئی،ایک ہفتے میں تیس اشیا مہنگی ہو گئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ، ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 48.35 فیصد ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق کے مطابق ایک ہفتے میں 30 اشیاء مہنگی اور 9 کی قیمتوں میں کمی آئی جب کہ حالیہ ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو 35 روپے 74 پیسے مہنگی ہوئی، آلو 3 روپے، دال چنا 4 روپے 82 پیسے، دال مسور 5 روپے 11 پیسے مہنگی ہوئی۔
حالیہ ہفتے دال ماش 6 روپے 81 پیسے، دال مونگ ایک روپیہ 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران انڈے 4 روپے 89 پیسے فی درجن اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 24 روپے مہنگا ہوا۔ اسکے علاوہ مٹن ، تازہ دودھ ، دہی بیف چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں پیاز 14 روپے فی کلو سستا ہوا، لہسن کی قیمت 12 روپے فی کلو، ٹماٹر کی قیمت 1 روپے فی کلو کی کم ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق برانڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔