کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ پولیس نے انڈس ہائی وے پر غیرملکی ہتھیاروں سے بھرا ٹرک پکڑا اور دودرجن سے زائدغیرملکی ریپیٹرز برآمد کرکے دومبینہ سمگلروں کو حراست میںلے لیا۔غیرملکی اسلحہ قبائلی ضلع کرم سے کوہاٹ اوردرہ آدم خیل کے راستے پشاور سمگل کیا جارہاتھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ جمیل الرحمن کے مطابق انڈس ہائی وے پر کوہاٹ ٹنل ٹول پلازہ کے قریب قائم پولیس چیک پوسٹ پر کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک ٹرک نمبر پشاور پی 9576 کے خفیہ خانوں سے غیرملکی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور 31 ریپیٹرز برآمد کرکے دو مبینہ سمگلروں کوحراست میں لے لیا۔ ڈی پی او کے مطابق زیر حراست سمگلروں سمیع اللہ اور ایوب خان کا تعلق قبائلی ضلع کرم سے ہے جو ٹرک کے ذریعے غیرملکی ہتھیاروں کو قبائلی ضلع کرم سے کوہاٹ اور درہ آدم خیل کے راستے پشاور سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ اطلاع ملنے پر دھرلئے گئے۔ ٹرک اوراسلحہ قبضہ میں لے کر زیرحراست ملزموں کے خلاف پولیس سٹیشن محمدریاض شہدمیں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔