اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے مستفید ہوں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی کمپنی (ایزی وے انوویشن ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ) کے وفد نے ملاقات کی جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کررہا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کار پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں ۔
عارف علوی نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، آئی ٹی کے اہم شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ عارف علوی نے کہاکہ غیر ملکی تاجر آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی 10 سال کی ٹیکس چھوٹ سمیت مختلف مراعات پیش کررہی ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ چین کی آئی ٹی کمپنیوں کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونر میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔چینی کمپنی کے سی ای او نے صدر مملکت کو اپنی کمپنی کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔