اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کو اب تک متحدہ عرب امارات سے اضافی ایک ارب ڈالرز کے حوالے سے تصدیق نہیں ملی اس لئے آئی ایم ایف کے ساتھ
اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کی راہ میں اب تک ایک رکاوٹ موجود ہے۔روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر کی خبر کے مطابق وزارت خزانہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے اماراتی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطے کیے اور اضافی ایک ارب ڈالرز کے حصول کیلئے معاملات پراسیسنگ کے مراحل میں ہیں۔ لہٰذا ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی زبوں حال معیشت کو سہارا دینے کیلئے مطلوبہ رقم فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ایم کو تصدیق دینے میں کتنی دیر لگائے گا۔ ایک اور سینئر عہدیدار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اب تک تصدیق فراہم نہیں کی اور یہی بات اسٹاف لیول معاہدے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ جب ان سے پٹرول پر سبسڈی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس پر عمل نہیں ہو سکتا لہٰذا یہ بات معاہدے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔