اسلام آباد (این این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے الزامات کو مسترد کردیا۔اسپیکر قومی اسمبلی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سے متعلق قرارداد پر ایوان کے اندر ہی اراکین سے دستخط کروائے گئے، جو اسمبلی عملے اور اراکین کی موجودگی میں ہوئے، دستخط جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اسپیکر آفس نے کہا کہ کہ فواد چوہدری جعلی دستخط کو ریکارڈ سے ثابت کریں اور سپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں، ورنہ ان کے خلاف قومی اسمبلی کارروائی کرے گی۔ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک سابق ایم این اے کو قرارداد کی منظوری اور دستخط کے طریقہ کا اچھی طرح پتہ ہے، فواد چوہدری سیاسی مقاصد کیلئے اس طرح کی بے پر کی اڑا رہے ہیں۔