لاہور ( این این آئی) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، کیوی ٹیم دورے کے دوران 5ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔کیوی ٹیم کو سخت سکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ سے نجی ہوٹل پہنچا دیا گیا۔نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کر رہے ہیں۔پاکستان آمد کے موقع پر کیوی کرکٹر ڈیرل مچل نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کلاس ٹیم قرار دیا ۔
ڈیرل مچل نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ورلڈکلاس ہے اور نیوزی لینڈ میں نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جو پہلے اس کنڈیشنز میں نہیں کھیلے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ہمارے لیے چیلنج ہے جس میں کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان روانگی سے قبل کرائسٹ چرچ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے سکواڈ کی تصاویر اپنے ٹوئوئٹر اکانٹ پر شیئر کی تھیں۔مہمان ٹیم دو دن آرام کے بعد 13اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی اسی روز ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 14اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 15 کو اور تیسرا 17اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی 20اور 24اپریل کو راولپنڈی میں ہوگا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 5ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27اور 29اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5اور 7مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔