ڈیرہ اسماعیل خان /اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو عدالت نے 6 دن کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے علی امین گنڈاپور کے ڈی آئی خان میں درج دونوں مقدمات خارج کردئیے۔بھکر اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے علی امین گنڈاپور
کی حوالگی کی استدعا کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی۔اس سے قبل علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں دہشتگردی اور غداری کی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ تھانہ گولڑہ میں مجسٹریٹ قیصر نعیم کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ان کے ساتھی اسد خان کا نام بھی شامل ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے اسلام آباد کی سوسائٹی میں اسلحے اور بندے جمع کرنے کا کہا، ملزمان نے آڈیو میں کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورے اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پولیس کو بھی دھمکی دی تاکہ وہ اپنے فرائض سر انجام نہ دے سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے وکلاء اور پولیس کے مذاکرات کے بعد پشاور ہائیکورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بینچ کے گیٹ پر پولیس کو گرفتاری دی تھی۔ علی امین گنڈاپور کو عدالت نے 6 دن کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے علی امین گنڈاپور کے ڈی آئی خان میں درج دونوں مقدمات خارج کردئیے۔