اسلام آ باد(پی پی آ ئی) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدالت کو اقلیتی فیصلہ نافذ نہیں کرنا چاہیے اور اگر سپریم کورٹ نے فل کورٹ نہ بنایا تو ملک میں سیاسی اور آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ میںاس حق میں ہوں کہ پورے ملک میں الیکشن ایک ساتھ ہوں۔وزیرِ قانون نے کہا کہ گورنر پنجاب نے سمری پر دستخط ہی نہیں کیے اور آئین کے مطابق مقررہ وقت میں پنجاب اسمبلی تحلیل ہو گئی تو پنجاب اسمبلی کی تحلیل ہی متنازع انداز میں ہوئی۔اعظم نذیر تارڑنے مزید کہا کہ عدالت نے کسی سیاسی جماعت کو فریق نہیں بنایا اور کسی سیاسی جماعت کا موقف نہیں سنا، انتخابات کے معاملے پر 184/3 پر جسٹس فائزعیسیٰ کا واضح فیصلہ موجود ہے، اگرفل کورٹ نہ بنایا گیا تو ملک میں سیاسی اور آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانونی ماہرین سے مشورہ لیا اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اقلیتی فیصلہ نافذ نہیں کرنا چاہیے۔