لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا۔ پاکستان ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان ہیں اور آل راؤنڈر شاداب خان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں بابر اعظم کے نائب کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ شاداب خان کو اس عہدے سے ہٹانے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے شاداب خان 2020 ء میں نائب کپتان بنائے گئے تھے۔دسمبر 2020 میں شاداب خان نے بابر اعظم کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ میں تین ٹی ٹونٹی میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔اس ماہ جب قومی سلیکشن کمیٹی نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں تین ٹی ٹونٹی میچز میں کپتان بابر اعظم سمیت 5 سنیئر کرکٹرز کو آرام کروایا تو شاداب خان نے قیادت کے فرائض انجام دیئے۔ دونوں سیریز میں بطور کپتان شاداب خان کو 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔جنوری 2023 میں پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ون ڈے میچز میں ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کو بابر اعظم کا نائب مقرر کیا تھا، اس سیریز میں شاداب خان انجری کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے۔اب اطلاعات ہیں کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی دونوں فارمیٹس سے شاداب خان کو نائب کپتانی سے ہٹانے کا خواہش مند ہے اور اس تناظر میں شروعات نیوزی لینڈ کے خلاف اپریل 2023 میں منعقدہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے کیے جانے کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاداب خان کی جگہ لیگ بریک گگلی بولر اسامہ میر کو کھلانے میں دلچسپی رکھتی ہے، پاکستان سپر لیگ 2023 میں دائیں ہاتھ کے بولر اسامہ میر نے ملتان سلطانز کے لیے 12میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں اور افغانستان کے خلاف سیریز میں انہیں تین ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا تھا۔