اسلام آباد(این این آئی)مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے وزیراعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان کی سیکیورٹی سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن کو جوتی کی نوک پر رکھتے ہیں،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ جیسے لوگ ملک کیلئے کینسر بنتے جا رہے ہیں،رانا ثناء اللہ پاگل شخص ہیں،
یہ صوبوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں،وفاقی وزارت داخلہ کی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر گلگت بلتستان کو گلگت بلتستان کی حدود سے باہر جی بی کی سیکیورٹی لیکر جانے پر پابندی قابل مذمت ہے۔ہفتہ کو وفاقی وزارت داخلہ کی جاری کردہ نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر داخلہ گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک حساس علاقہ ہے،رانا ثناء اللہ نے وہاں کے بیس لاکھ لوگوں کی جذبات کو مجروح کیا ہے،انہوں نے ذاتی انا کی تسکین کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے،انہوں الزام لگایا کہ گلگت بلتستان پولیس کا لاہور واقعہ میں کردار رہا ہے،وزیرداخلہ آئی جی پنجاب کا موقف سامنے رکھیں،سب کچھ واضح ہو جائے گا،آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس کا لاہور میں کوئی منفی کردار نہیں رہا۔شمس الحق لون نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر گلگت بلتستان کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو رانا ثناء اللہ اوروزارت داخلہ ذمہ داری اٹھائیں گے،رانا ثناء اللہ بتائے اگر پنجاب،سندھ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں سے باہر جاتے ہیں تو ان پر بھی اس نوٹیفکشن کا اطلاق ہوتا ہے یا یہ صرف گلگت بلتستان کیلئے ہے،گلگت بلتستان کے لوگ سینہ ٹھوک کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں تو رانا ثناء اللہ سیاسی بوکھلاہٹ میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے تو ہمارے دشمن ملک بھارت کو کیا پیغام جائے گا،ہم جس صوبے میں جانا چاہے جا سکتے ہیں اور اپنی سیکیورٹی لیکر جائیں گے،کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتے،گلگت بلتستان کے عوام بھی اتنے ہی محب وطن پاکستانی ہیں جتنے باقی صوبوں کے لوگ،سپریم کورٹ آف پاکستان کو اس معاملے پر از خود نوٹس لینا چائیے۔