اسلام آباد (نیوزڈیسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 9 اور 10 محرم کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ محرم الحرام کے جلوسوں کے پیش نظر انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے پنجاب کے متعدد اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے جلوسوں اور مجالس کے دوران حفاظتی اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بجلی کی تاروں اور پولز سے دور رہیں، خستہ حال عمارتوں یا چھتوں پر اجتماعات منعقد نہ کریں اور ندی نالوں یا دریاؤں کو عبور کرنے سے اجتناب برتیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ طغیانی کا خدشہ موجود ہے، اس لیے متعلقہ ریسکیو اداروں کو خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔