اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)کورونا کے غیر ویکسین شدہ افرادکو بھی مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز ادائیگی کی اجازت مل گئی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق کورونا کے غیر ویکسین شدہ افراد نُسک ایپ سے
عمرہ پرمٹ بھی لے سکتےہیں۔انتظامیہ حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں اعتکاف کے2500 مقامات تیار کرلیے گئے ہیں اور اعتکاف میں بیٹھنے والوں کوباہرنکلنے تک ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔خیال رہے کہ 2020 میں کورونا وبا پھیلنے کے بعد حرمین شریفین (مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ) میں غیر ویکسین شدہ افراد کے داخلت پر پابندی عائد تھی۔دوسری جانب سعودی عرب نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے کورونا سے بچاو کی ویکسینیشن لازمی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کورونا کی ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کو کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین کا مکمل کورس کرنا ہوگا، کورونا کی ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بیان میں کہا گیاکہ حج کے لیے آنے سے قبل عازمین احتیاطاً فلو(انفلوئنزا)کی ویکسین بھی لگوا لیں۔