لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم بڑی تحریک کے لیے تیار ہیں، آغاز کسی وقت بھی ہوسکتا ہے، جب ملک کی معیشت کے بارے میں بات کرنی چاہیے تو حکمران عمران خان پر پابندی لگانے کی بات کر رہے ہیں،90دن سے
زیادہ نگران حکومت کو بھی کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر مقدمے کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست میں حکومت لسٹ فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ نے حکم دے رکھا ہے کہ عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا، لاہور کی سیشن کورٹ میں زمان پارک پر جو حملہ ہوا اس پر چوری سمیت دیگر دفعات کے لیے رجوع کرلیا گیا ہے ،سیشن کورٹ نے نوٹس کردیا ہے ایس ایچ او سے جواب مانگ لیا ہے ،اس مقدمے میں مریم نواز ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی ملزم ہے ،اس آپریشن میں جس نے حصہ لیا ان افسران پر بھی مقدمہ درج ہوگا ،جنہوں نے اتنا بڑا ظلم کیا ہے انکو عدالتوں میں لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد ایک مضحکہ خیز پریس ریلیز آئی ،آٹا ایک دن میں 90روپے مہنگا ہوا ، ایک بزرگ مفت آٹا لینے گیا مگر اس کو موت ملی ۔انہوںنے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔عمران خان اسلام آباد گئے تو پولیس نے انکے گھر پرحملہ کیا ،گھر میں صرف بشری بی بی اکیلی تھیں ،عمران خان کے گھر پانی ،آٹا چینی ،فریج سے کھانے پینے کی چیزیں سب کچھ لے گئے ،سیشن کورٹس میں اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کیں ہیں ۔ہمارے زخمی کارکنوں کی میڈیکل رپورٹس آگئی ہیں اب متعلقہ پولیس کے خلاف بھی مقدمات درج کرنے کی درخواست دائر کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی صورتحال پر بات کرنے کی بجائے عمران خان کو قابو کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو پارلیمنٹ آنے کی اجازت نہیں، پارلیمنٹ ڈمی ہے، کسی رکن کی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ملک کی معیشت کے بارے میں بات کرنی چاہیے تو حکمران عمران خان پر پابندی لگانے کی بات کر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم بڑی تحریک کے لیے تیار ہیں، آغاز کسی وقت بھی ہوسکتا ہے، 90دن سے زیادہ نگراں حکومت کو بھی کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔