لاہور(این این آئی)پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زمان پارک آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے مبینہ شرپسندوں میں سے دو ملزمان کالعدم تنظیموں کے ساتھ مسلسل ٹیلی فون پر رابطے میں تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں
پولیس آپریشن کے معاملے پر پولیس نے پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران دو مبینہ شرپسندوں کو بھی حراست میں لیا گیا، جن کا ریکارڈ مشکوک نکلا۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں زیرحراست ملزمان کالعدم تنظیموں کے افراد کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے میں تھے۔ ملزموں کی شناخت قادر خان اور محمد عرفان کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کا ریکارڈ سامنے آنے کے بعد پولیس نے دونوں کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا، جہاں اْن سے اہم انکشافات کی توقع بھی کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ زمان پارک میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں جو پولیس پر حملے کررہے ہیں۔