راولپنڈی (این این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردبھی مارے گئے ۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اور 21 مارچ کی
درمیانی شب ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کھٹی میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی جس کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام خارجی راستے بند کردئیے۔بھاگنیوالے دہشت گردوں کے راستے سگو کے علاقے میں مسدود کر دیے گئے جس کے بعد اس مقام پر دہشت گردوں اور سیکیورٹی کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیا۔فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران حولدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا۔لودھراں سے تعلق رکھنے والے حوالدار محمد اظہر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی، نائیک محمد اسد کا تعلق خانیوال سے ہے انہوں نے بیوی اور 1 بیٹا سوگواران میں چھوڑا جبکہ جنوبی وزیرستان کے سپاہی محمد عیسیٰ نے سوگواران میں والدین ، 2 بہنیں اور 3 بھائی چھوڑے ہیں۔آخری اطلاعات تک علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری تھا، پاک فوج ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کریں گی۔