ممبئی(آئی این پی ) بھارت کے نامور کامیڈین اور معروف پروگرام کامیڈی نائٹس ود کپل کے میزبان و اداکار کپل شرما نے اپنی پہلی ملازمت اور تنخواہ کے حوالے سے بتا کر سب کو حیران کردیا۔
ایک انٹرویو میں معروف میزبان نے اپنے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی نوکری ایک پبلک کال آفس میں تھی جہاں انہیں کام کرنے کے 500 روپے ملتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے پیسے اس لیے کمانا شروع کیے کیونکہ گھر والوں سے جیب خرچ مانگنا نہیں چاہتا تھاکپل شرما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کم عمری میں بہت سے چھوٹے موٹے کام کیے۔ میزبان کے مطابق انہوں نے گارمنٹس فیکٹری میں بھی کام کیا جب وہ میٹرک میں زیرتعلیم تھے۔ اس وقت وہ ماہانہ 900 روپے کماتے تھے۔امرتسر سے تعلق رکھنے والے کامیڈین اور اینکر نے مزید بتایا کہ چھوٹی موٹی نوکریاں وہ گھر والوں کو سپورٹ کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنا جیب خرچ نکالنے کے لیے کیا کرتے تھے کیونکہ انہیں والدین سے پیسے مانگتے ہوئے شرم آتی تھی۔واضح رہے کہ کپل شرما کا شمار بھارت کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو اب ماہانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں۔