اسلام آباد ٗ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی )چیئرمین تحریک انصاف پیشی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس پہنچ چکے ہیں جہاں ان کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے ، اس موقع پر عمران خان نے آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ” میں 15 سے 20 منٹ سے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود
ہوں لیکن یہ نہیں چاہتے کہ میں عدالت میں پیش ہوں ، یہ لوگ مجھے عدالت جانے نہیں دے رہے ۔“دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایک شخص ملکی مفادات سے کھیلتے ہوئے نہیں ڈررہا اور نوجوانوں سے ریاست پر حملے کرواتا ہے۔ ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ متعدد سماعتوں میں عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، عمران خان ہر فورم پر اپنی بیماری کا رونا رورہا ہے اور جان کو خطرے کا بہانہ بنارہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چور، کرپٹ، جھوٹا اور دہشتگرد کھلے عام گھوم رہا ہے، ایک شخص ڈنڈے،کلاشنکوف،غلیلیں لیکر عدالت جاتا ہے۔ کیا انصاف جتھوں اور دھمکیوں سے ڈر گیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عدالت جانے والا گاڑی پر ڈنڈے اور اسلحہ لہرارہا ہے مگر ریلیف مل رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، لاڈلے اور غنڈے کو ریلیف کا بنڈل مل رہا ہے، کیا عمران خان قانون اور آئین سے بالاتر ہے؟ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جرائم سب کو معلوم ہیں، صدر،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرسے آئین شکنی کرواتاہے، ایک دہشتگرد کھلے عام گھوم رہا ہے۔ ترازو کے پلڑے برابر کیے جائیں۔