لاہور (آئی این پی ٗ مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں زمان پارک کی جانب پولیس نے آپریشن شروع کردیا ، متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ہفتہ کو پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ گئی اور پی
ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے ۔ پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراونڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا سوچ ہی رہے ہوتے ہیں کہ اُن کو عدالت سے ریلیف مل جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں آپریشن شر پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ زمان پارک سے جو اسلحہ ملا ہے وہ پنجاب پولیس کے سربراہ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور کا زمان پارک نو گو ایریا بنا ہوا تھا جس کو کلیئر کرا دیا گیا ہے۔ وہاں پیٹرول بم بنانے کی فیکٹری لگی ہوئی تھی۔