لاہور (آئی این پی)سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمدخان بھٹی نے کرپشن کا اعتراف کرلیا،نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری پرویز الہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کا اینٹی کرپشن کو اعترافی بیان سامنے آگیا۔
تفتیشی ٹیم نے سوال کیا کہ آپ نے رقم کا لین دین کہاں کیا ؟ جس پر محمد خان بھٹی نے کہاکہ رقم گھر اور باہر نقد وصول کرتا رہا ہوں، ایکسین رانااقبال ہر کام میں میرے ساتھ ہوتا تھا، مونس الہی سے انکے گھر میں معاملات طے کرتا تھا،تفتیشی ٹیم نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کسی اور شعبے میں سرمایہ کاری بھی کی؟ جس پر سابق پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ گھوٹکی میں شوگر ملز سے پچیس کروڑ روپے کی چینی خریدی،محمد خان بھٹی نے مزید بتایا رحیم یارخان کی شوگرملز میں بذریعہ مونس الہی دس کروڑ روپے کا سرمایہ لگایا اور مونس الہی سے کروڑوں روپے کا نقد لین دین کیا، شوگرملز سے حاصل ہونے والی آمدن سے ہرایک نے حصہ لیا،تفتیشی ٹیم نے سوال کیا کہ پنجاب اسمبلی میں چارسو سے زائد ملازمین کی بھرتی کیسے ہوئے؟ جس پر انھوں نے بتایا کہ عنایت اللہ لک نے انٹرویوز کئے، مجاز اتھارٹی میں تھا،دوسری جانب محمد خان بھٹی کی جائیداد کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں، محمدخان بھٹی کروڑوں روپے کی جائیداد کے مالک نکلے،خیال رہے چوہدری پرویزالہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس نے ایران فرار ہوتے گرفتار کیا تھا۔