گوجرانوالہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اپنے دور حکومت میں تحریک انصاف کہا کرتی تھی کہ آرمی چیف والد کی طرح ہوتے ہیں،عمران خان ارسطو بننا چھوڑ دیں اب پرانا دور گزر چکا ہے،جب عمران خان لاڈلے ہوا کرتے تھے تب ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان ارسطو بننا چھوڑ دیں اب پرانا دور گزر چکا ہے۔ جب عمران خان لاڈلے ہوا کرتے تھے تب ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جب اس کو اقتدار پر بٹھایا تھا تو باجوہ صاحب بہت اچھے لگتے تھے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عدلیہ ہو یا کوئی اور ادارہ عمران خان اسے استعمال کرکے اقتدار تک پہنچنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب حالات بدل چکے ہیں، ادارے اب اپنا کام کرتے ہیں، اقتدار میں لانا یا نکالنا ان کا کام نہیں۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ایسا انتخاب ہو جو متنازع نہ ہو اور جس کے نتائج سب کو تسلیم ہوں۔طلال چوہدری نے کہا کہ 62 اور 63 کا اطلاق جیسے سب پر ہوا ہے ویسے ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پہلے جو ڈاکو تھا، اب وہ پی ٹی آئی والوں کے ڈیڈی ہیں، اب خان صاحب بھی اس کو ڈاکو کے بجائے صدر کہا کریں گے۔