منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

اسٹیٹ بینک نے شرح سود 300 بیسس پوائنٹس بڑھا کر 20 فیصد کر دی

datetime 2  مارچ‬‮  2023
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی (این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر شرح سود میں 3فیصد اضافہ کردیا، ملک میں شرح سود 20فیصد پر پہنچ گئی، اس سے پہلے اسٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 17فیصد تھا، آئی ایم ایف نے اسٹاف لیول معاہدے سے قبل پاکستان سے شرح سود بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔مرکزی بینک کی جانب سے

مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے 2مارچ 2023 کو منعقدہ اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 300بیسس پوائنٹس بڑھا کر 20فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جنوری میں اپنے گزشتہ اجلاس میں کمیٹی نے مہنگائی کے منظر نامے کو بیرونی اور مالیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش قریب المدت خطرات کو اجاگر کیا تھا۔ ان میں سے بیشتر خطرات حقیقت بن گئے ہیں اور فروری کے مہنگائی کے اعداد و شمار میں جزوی طور پر ان کی عکاسی ہوتی ہے۔ قومی مہنگائی بلحاظ صارف اشاریہ قیمت قیمت (National CPI)بڑھ کر 31.5فیصد سال بہ سال ہو چکی ہے جبکہ قوزی مہنگائی (Core inflation)فروری 2023 کے دوران شہری باسکٹ میں 17.1فیصد اور دیہی باسکٹ میں 21.5 فیصد ہوگئی ہے۔مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ایم پی سی نے نوٹ کیا کہ حالیہ تبدیلیوں اور ایکسچینج ریٹ میں کمی کے نتیجے میں مہنگائی کے قریب مدتی منظر نامے میں خاصا بگاڑ پیدا ہوا اور مہنگائی کی توقعات میں مزید اضافہ ہوا۔اس میں کہا گیا کہ کمیٹی توقع کرتی ہے کہ اگے چند ماہ میں جب ان تبدیلیوں کا اثر سامنے آئے گا تو مہنگائی مزید بڑھے گی اور اس کے بعد اس میں کمی آنا شروع ہوگی گو کہ یہ بتدریج ہوگی۔رزی پالیسی بیان کے مطابق اس سال اوسط مہنگائی متوقع طور پر 27سے 29فیصد کی حدود میں ہو گی جبکہ نومبر 2022 میں اس کی 21سے 23فیصد کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

اس تناظر میں ایم پی سی نے زور دیا کہ مہنگائی کی توقعات پر قابو پانا بیحد ضروری ہے اور اس کے لیے مضبوط پالیسی ردعمل چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ جہاں تک بیرونی شعبے کا تعلق ہے اس حوالے سے ایم پی سی نے نوٹ کیا کہ جاری کھاتے کے خسارے میں نمایاں کمی کے باوجود کمزوریاں برقرار ہیں۔ جنوری 2023 میں جاری کھاتے کا خسارہ گر کر 242 ملین ڈالر رہ گیا

جو مارچ 2021 سے اب تک پست ترین کی سطح ہے۔اس میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر جاری کھاتے کا خسارہ، جو جولائی تا جنوری مالی سال 23 میں 3.8ارب ڈالر تھا، گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 67فیصد کم ہے۔مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ اس بہتری سے قطع نظر شیڈول کے مطابق قرضوں کی ادائیگی اور مالکاری رقوم کی آمد میں کمی کے ساتھ بڑھتی ہوئی عالمی شرح سود اور ملکی غیریقینی کی کیفیت زر مبادلہ کے ذخائر اور ایکسچینج ریٹ پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔

ایم پی سی نے نوٹ کیا کہ زر مبادلہ کے ذخائر پست سطح پر ہیں اور بیرونی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کے ای ایف ایف کے تحت جاری نویں جائزے کی تکمیل سے بیرونی شعبے کے قریب مدتی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔مزید برآں ایم پی سی نے بیرونی کھاتوں پر دبا کم کرنے اور دیگر شعبوں کی درآمد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے توانائی کی بچت کے اقدامات کی ہنگامی ضرورت پر زور دیا۔بیان میں کہا گیا کہ

جی ایس ٹی اور ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے، سبسڈیز میں کمی، توانائی کی قیمتوں میں ردوبدل اور کفایت شعاری کی مہم سمیت حالیہ مالیاتی اقدامات سے توقع ہے کہ بڑھتے ہوئے مالیاتی اور بنیادی خسارے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جیسا کہ قبل ازیں بتایا گیا کہ معاشی استحکام کے لیے مالیاتی استحکام ناگزیر ہے اور یہ وسط مدت کے دوران مہنگائی کو کم کرنے کے لیے جاری مانیٹری سختی میں مددگار ہوگا۔کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ قیمتوں میں استحکام کے مقصد کو حاصل کرنے کے حوالے سے کوئی بھی نمایاں مالیاتی زیاں مانیٹری پالیسی کی اثر انگیزی کو نقصان پہنچائے گا۔

ایم پی سی نے مالی استحکام اور قریب مدتی نمو کے منظر نامے پر مانیٹری سختی میں اضافے کے اثرات کا بھی جائزہ لیا۔کمیٹی کا خیال ہے کہ مالی استحکام کو لاحق خطرات قابو میں ہیں کیونکہ مالی اداروں کے پاس کافی سرمایہ موجود ہے۔ تاہم نمو پر سمجھوتا (trade-off)کرنا ہوگا۔بیان کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اپنے اس سابقہ نقطہ نظر کا اعادہ کیا کہ مہنگائی کو کم کرنے کی قلیل مدتی قیمت اس میں اضافے کو تقویت دینے کی طویل مدتی قیمت سے کم ہے، ماسوائے اس کے کہ مستقبل میں غیر متوقع دھچکے آئیں۔مانیٹری پالیسی کمیٹی کے مطابق فیصلے نے پیش بینی کی بنیاد پر حقیقی شرح سود کو مثبت حدود میں دھکیل دیا ہے۔ اس سے مہنگائی کی توقعات پر قابو پانے اور مہنگائی کو مالی سال 25 کے آخر تک 5تا 7فیصد کے وسط مدتی ہدف تک لے جانے میں مدد ملے گی۔بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے اپنا آئندہ اجلاس 4اپریل 2023 کو منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…