فیصل آباد(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق وزیر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو 21 فروری کو طلب کر لیا۔ایف آئی اے کی جانب سے فرخ حبیب کو بھیجے گئے نوٹس میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کے نوٹس پر اپنے ردعمل میں فرخ حبیب نے کہا کہ پہلے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے سے روکنے پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا، اب مجھے ایف آئی اے کی جانب سے من گھڑت انکوائری کا نوٹس مل گیا ہے۔فرخ حبیب نے کہاکہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا جتنی انتقامی کارروائیاں کرنی ہیں کر لو، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔