اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، اس ملک میں دو ملک ہیں، ایک غریب کا اور دوسرا امیر کا ہے،تیل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق کیا جاتا ہے، روس سے معاہدے کے بعد پٹرول سستا ملے گا،عمران خان نے مہنگا پٹرول لے کر سبسڈی دی،
سبسڈی صرف غریب آدمی کا حق ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک مہنگی چیز لے کر سستی نہیں بیچ سکتا،ملک کو کھڑا کرنے کے لیے کڑوا گھونٹ پینا ہو گا۔دی فیوچر سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو گیس چوری کا پورا پورا حساب دینا ہو گا، ایس ایس جی سی میں جو چوری کرے گا اس کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا، گیس کی چوری کا بوجھ غریب آدمی پر آتا ہے اور امیر آدمی بچ جاتا ہے۔مصدق ملک نے کہاکہ اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، روپے کے بے قدری کی وجہ سے مہنگا تیل خریدنے پر مجبور ہیں، عمران خان نے جانے سے پہلے پیٹرول پر سبسڈی دی اور بینک کرپٹ کر دیا۔انہوں نے کہاکہ سستے تیل کے لیے روس سے معاہدہ ہو گیا ہے، مارچ سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائے گی، غریب آدمی کیلئے 4 ماہ آئی ایم ایف سے لڑا گیا ہے، اس ملک میں دو ملک ہیں، ایک غریب کا ملک اور دوسرا امیر کا ملک ہے۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان عالمی پابندیوں کا سامنا نہیں کر سکتا، عالمی قوانین کو سامنے رکھ کرہی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ آگے بڑھا سکتے ہیں۔