لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری جو کچھ معزز ججز کے خلاف بولتے رہے اس پر توہین عدالت نہیں ہوتی؟،فواد چوہدری جس طرح کی زبان معزز ججز کے خلاف استعمال کرتے رہے وہ سب کے سامنے ہے،نہال ہاشمی نے ایسی بات کی تو انہیں6 ماہ کی قید
اور نشست سے بھی جانا پڑا تھا،فواد چوہدری کے خلاف ایک ایف آئی آر درج ہوئی ہے تو کون سی قیامت آگئی ہے؟،فواد چوہدری اور پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججز کیخلاف مہم چلائی، اب کسی ادارے نے ان پر ہاتھ ڈالنے کی جرات کی ہے تو ملک میں قیامت آگئی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طلال چوہدری ، نہال ہاشمی اور دانیال عزیز کو سزا مل سکتی ہے تو یہ کیا آسمان سے اترے ہوئے ہیں،کیا پی ٹی آئی کیلئے الگ اور ہمارے لیے الگ قانون ہے؟۔پی ٹی آئی کیلئے سب جائز ہے، ہم بے گناہ ہوتے ہوئے کیسز بھگتیں، کیا عمران خان قانون سے اوپر ہے کہ اس سے کچھ نہ پوچھیں؟۔عدالت نے جس کا راہداری ریمانڈ دیا اس کی بازیابی کا کیس سنا گیا۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، نہال ہاشمی، دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے سزائیں تک بھگتیں لیکن اف تک نہیں کی لیکن فواد چوہدری کی گرفتاری پر ایسا لگتا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہی یہی رہ گیا ہے،ان کی رہائی کے لئے رات کو بھی عدالتیں لگ رہی ہیں، مائی لارڈ اگر فواد چوہدری نے کوئی توہین نہیں کی تو پھر ہمیں بھی ملکی ادراوں کے خلاف بولنے کی اجازت دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کی گرفتاری ہونا ہو گی تو ہو جائے گی، پہلے بلاوجہ کا شور مچانے کی کیا ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ فواد چوہدری کو بازیاب کس سے کروانا ہے حالانکہ ان کا تو مقامی مجسٹریٹ نے راہداری ریمانڈ دیا۔
فواد چوہدری نے ماضی قریب میں بیانات دیتے ہوئے نا کسی کی بیماری کا احساس کیا اور نہ کسی کے خاتون ہونے کا،فواد چوہدری عدالتوں کے بارے میں جو کچھ کہتے رہے وہ سب کے سامنے ہے ۔ فواد چوہدری نے یہاں تک کہا ججز نے آئین توڑا ہے، ججوں کا ضمیر سلیکٹو ہوتا ہے لکھنے کی تمیز نہیں آرٹیکل چھ لگانا ہے تو بہت سے ججوں کی گردنیں بھی آئیں گی،
فواد چوہدری کو توہین عدالت اور اداروں کے خلاف اکسانے پر آئین کے مطابق سزا ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یا فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کریں یا ہمیں بھی دھمکیاں دینے کی اجازت دے دیں کہ مرضی کے فیصلے و سیاست کر کے غنڈوں کا قانون چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بغیر عدالت میں پیش ہوئے ضمانت مل جاتی ہے، اس سے اس کی بیٹی کاسوال نہیں کیا جا سکتا، فارن فنڈنگ کا سوال نہیں کیا جا سکتا،فواد چوہدری کی گرفتاری پر فرخ حبیب نے سستی اداکاری کی کوشش کی ،
امین گنڈاپور پھر دھمکیاں دے رہا ہے،ان کی گالی، لمبی زبانوں اور غنڈہ گردی سے ادارے ڈرے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کیس میں ارشد ملک کو بلیک میل کیاگیا، ، نواز شریف خاموش رہے اب لگتا ہے انہوںنے غلط کیا ،عدلیہ کے سامنے سرنڈر نہ کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ شہباز گل ہٹاکٹے پھرتے ہیں جب عدالت بلاتی ہے تو آکسیجن ماسک لگا لیتے ہیں، ہر دوسرے دن عمران خان کی گرفتاری کا شور ہے جب گرفتار ہوگا تو سب کو پتہ چل جائے گا، کیسز پہلے موجود تھے انکل پرویز الٰہی نے شیخ رشید ،عمران خان اور فرح گوگی کی انکوائریاں سب ختم کردیں۔