لاہور (مانیٹرنگ، این این آئی) وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کا تاریخ ساز اقدام۔ صوبے میں نجی سود کے کاروبار پر پابندی کا قانون نافذ العمل ہوگیا ہے اور دی پنجاب پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لونز ایکٹ 2022 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ قانون نافذ ہونے کے
بعد پنجاب بھر میں نجی سود کاکاروبار کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اورصوبہ بھر میں کوئی بھی نجی سود کے حوالے سے لین دین نہیں کرسکے گا۔نجی سود کا کاروبار کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایاجائے گااورنجی سود کالین دین کرنے والوں کو 10سال قید اور 5لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ قانون نافذ ہونے کے بعد ماضی میں نجی طورپرسود کی مد میں رقم لینے والا شخص اب صرف اصل رقم ہی واپس کرے گااوررقم لینے والے شخص کو اب ماضی میں لئے گئے سود کی مد میں اضافی رقم ادا نہیں کرنا پڑے گی۔اصل رقم کے علاوہ نجی سود کی مد میں اضافی رقم مانگنے پر متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج ہوسکے گا۔نجی سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کوئی بھی شہری تھانے جاکر ایف آئی آر درج کرا سکے گا۔نجی سود پر پابندی کا قانون نافذ ہونے کے بعد کئی گھر اجڑنے سے محفوظ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سود ایک لعنت ہے اور دین اسلام میں اسے اللہ کے خلاف جنگ قرار دیا گیاہے۔نجی سود کے حوالے سے پابندی کا قانون دین کی خدمت ہے۔اللہ اوراللہ کے رسولؓ کے احکامات کی تعمیل کر کے سرخرو ہوئے ہیں۔سود کا کاروبار کرنے والوں کو روزقیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ہم نیک نیتی سے دین کا کام کررہے ہیں اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جب سے پاکستان بنا ہے اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں تھے،
تعلیمی اداروں میں منشیات کے سدباب کے لیے اسپیشل فورس بنا رہے ہیں،طاقت کااستعمال آخری آپشن ہونا چاہیے، مذاکرات اور گفت و شنید سے معاملات حل کیے جانے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیرِ تربیت اے ایس پی بیج سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ پولیس کا رویہ بہتر ہونے سے معاشرے میں عزت بڑھے گی،
تھانوں میں انسانی وقار کا تقدس ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہیے۔گڈ گورننس اور ڈیلیور کرنے والے افسر کو کوئی نہیں نکال سکتا، عوام کی جتنی دعائیں لیں گے، اتنی ہی عزت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے ڈرونز اور دیگر جدید آلات دیئے جائیں گے، بکتر بند گاڑیاں بھی تیار کرائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طاقت کااستعمال آخری آپشن ہونا چاہیے۔