لاہور (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کیلئے پاکستان آنا اور لندن میں رہنا مشکل ہو گیا،سعودی عرب میں پناہ لے لیں تو الگ بات ہے،35 استعفوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کا ڈر اور خوف نظر آرہا ہے،عمران خان اسمبلی نہیں جا سکتے مگر عدالت یا سٹرکوں پر آسکتے ہیں۔
انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے لیے ملک واپس آنا مشکل ہوچکا ہے،جب سے ان پر الزام عائد ہوا ہے کہ لندن میں بیٹھ کر سازش کی ہے،اس سازش کے تحت ارشد شریف کو قتل کیا گیا اور پھر عمران خان کو گولیاں ماری گئیں،لندن والی پولیس اس معاملے کو بڑی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، (ن) لیگ کو چاہیے کہ اگر وہ ارشد شریف کے کیس میں ملوث نہیں تو لندن میں اس شخص کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کریں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لئے پاکستان آنا اور لندن میں رہنا مشکل ہو گیا،وہ سعودی عرب میں پناہ لے لیں تو الگ بات ہے۔انہوں نے کہا کہکراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی نے بہترین پرفارمنس دی،کراچی میں مسلم لیگ نواز تو ختم ہو گئی،انکا ووٹ تو کہیں نظر ہی نہیں آیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ 35 استعفوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کا ڈر اور خوف نظر آرہا ہے،لگتا ہے مسلم لیگ (ن) گھبرا گئی ہے۔ اب وفاق اور پنجاب میں اکٹھے الیکشن نہیں ہوسکتے،عمران خان قومی اسمبلی میں نہیں جا سکتے مگر عدالت یا سٹرکوں پر آسکتے ہیں۔