سرگودھا(این این آئی)ابھرتی سیاسی جماعت مووآن پاکستان نے ملک بھرسے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔زرائع کے مطابق مووآن پاکستان پارٹی کے چیئرمین محمد کامران نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ محب وطن قوتیں ملک بچانے کے لیے میدان میں آئیں۔
اس لئے آئندہ عام انتخابات عوام دوست مخلص قیادت کو میدان میں لا کر خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے موجودہ بگڑے ہوئے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک اور عوام دونوں کا برا حال ہے جہاں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب کا جینا مشکل کردیا ہے۔ہر طرف بے روزگاری کی تباہی پھیلیتی ہوئی ہے اور ملک کے کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جا گرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں عام آدمی آٹا خریدنے کی لائن میں لگ کر مررہا ہے مگر بے حس حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ انہوں نے کہا کہ مووآن پاکستان عام آدمی کی عزت نفس بحال کرنے کی جنگ لڑے گی ۔محمد کامران نے کہا کہ ملک بھر سے باکردار اور شفاف لوگوں کو ٹکٹ دے کر انشااللہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنائیں گے۔ ابھرتی سیاسی جماعت مووآن پاکستان نے ملک بھرسے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔