اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں چیف الیکش کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر
سکندر سلطان راجا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید بھی شریک تھے جب کہ کراچی سے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔الیکشن کمیشن میں اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں کل ہی کراچی، حیدرآباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی اداروں کا قیام جمہوریت کیلئے ناگزیر ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام بلدیاتی انتخابات کا حصہ بن کر جمہوریت پر اعتماد کا اظہار کریں، بلدیاتی انتخابات میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے انتخابی عمل کے دوران اعتماد پر پورا اتریں گے۔