پرائیویٹ آٹے کی قیمتوں میں یکدم بڑی کمی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی حکومتوں کے ہنگامی اقدامات کے نتیجہ میں پندرہ کلو پرائیویٹ آٹے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے ایک دن کمی آئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں گندم کی قیمتیں نیچے آنے کے تناسب سے فلور مل مالکان پندرہ کلو پرائیویٹ آٹے تھیلے کی قیمتیں اسی تناسب سے کم کرینگے۔ روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی خبر کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی ڈویژن صوبہ خیبرپختونخوا بالائی پنجاب وسطی پنجاب جنوبی پنجاب میں چالیس کلو گرام پرائیویٹ آٹے تھیلے کی قیمت 800 روپے کم ہو گئی ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سلمان علی کے قریبی ذرائع کیمطابق مسلسل دوسرے روز محکمہ خوراک کے فوری ایکشن کے نتیجہ میں گندم کی قیمتیں لاہور ڈویژن میں 4100 روپے فی چالیس کلو گرام ہو گئیں جبکہ ملتان ڈویژن بہاولپور ڈویژن کے اضلاع ساہیوال بہاولپور لیہہ، مظفر گڑھ رحیم یار خان وغیرہ میں گندم کی قیمتیں مزید 200 روپے فی چالیس کلو گرام کم ہو کر 4000 روپے فی چالیس کلو گرام تک نیچے آ گئیں۔