جنیوا،اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم شہبازشریف نے جنیوا میں مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی ،اس ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے ،ملاقات میں پارٹی اور سیاسی امور پر.
تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے کے لئے بعض اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی جس کے تحت مریم نواز کو پارٹی سے متعلق فیصلوں کے لئے مکمل فری ہینڈ دیا جائیگا ،مریم نواز اس ماہ کے آخر میں پاکستان پہنچ جائیں گی ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات رات کے کھانے پر ہوئی ،شہباز شریف نے مریم نواز کی صحت بارے دریافت کیا اور انہیں پارٹی عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد پیش کی ،شہباز شریف نے عالمی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں اورعالمی کانفرنس کے مثبت ریسپانس پر نواز شریف کو اعتماد میں لیا ،ملاقات میں پارٹی امور اورملک کی مجموعی سیاسی ،معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میںپارٹی کو فعال اور متحرک کرنے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ پنجاب کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے سیاسی اور معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے ضروری احکامات بھی جاری کئے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے رواں ماہ کے آخر تک مریم نواز کے وطن واپسی سے متعلق شہباز شریف کو آگاہ کیا ۔