لاہور(آئی این پی)قومی ٹیم کے سٹار آل رائونڈر شاداب خان کی انگلی آسٹریلوی لیگ بگ بیش میں فریکچر ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ایسے میں ایک ناقد نے شاداب کو غیر ملکی لیگ کھیلنے کا طعنہ دیا،صارف نے لکھا غیر ملکی لیگز آپ پیسوں کے لیے کھیلتے ہیں، اس کے بعد زخمی ہوجاتے ہیں اور پھر قومی ٹیم کے میچز چھوڑ دیتے ہیں ،کرکٹر نے اس تنقید کا تفصیلی جواب دیا اور بتایا کہ بگ بیش لیگ کی وجہ سے آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ میں میری کارکردگی اچھی رہی، مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا آپ کو بہتر بناتا ہے ،شاداب نے لکھا جہاں میں قومی ٹیم کے لیے سلیکٹ ہوا وہاں ملک کے لیے کھیلوں گا ،آل رائونڈر نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا انگلی کی انجری کبھی بھی ہوسکتی ہے، پریکٹس میں کسی کو بھی گیند لگ سکتی ہے پھر چاہے وہ آسٹریلیا ہو یا پاکستان ،شاداب خان نے کہا کہ نئی جگہوں اور تجربات سے انسان سیکھتا ہے، یہ مقصد ہوتا ہے کہ سیکھ کر پاکستان کے لیے اچھا کریں ۔