اسلام آباد(این این آئی)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی 25منٹ کی ایک او ریکارڈنگ آرہی ہے، کوئی شریف شخص عمران خان کو ووٹ دینے کیلئے تیار نہیں،عمران خان کی چوری اور ویڈیوز سے ان کی مقبولیت پر فرق پڑا ہے۔جمعرات کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے
وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کاووٹ لینا پڑے گا، اگر ان کے پاس نمبر زپورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ لے لیتے، اگر اعتماد کاووٹ نہیں لے سکتے تو پیچھے ہٹ جائیں۔وزیرداخلہ نے کہاکہ اعتماد کے ووٹ کے دن بندے ڈبل فگر میں کم ہوسکتے ہیں،6،7لوگوں نے کہا ہے کہ وہ اعتماد کے ووٹ میں ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ہم ان کے لوگوں کو پکڑ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جب آپس میں اتحاد ہوتا ہے تو ایک دوسرے کے ساتھ کمپرومائز کرنا پڑتا ہے،اگر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملکر الیکشن لڑا تو ہمیں نقصان ہو سکتا ہے،ہمیں مل کر الیکشن نہیں لڑنا چاہئے۔انہوںنے کہاکہ زرداری نے ہمارے کہنے سے پہلے کہا ہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ(ن) لیگ کا ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ اسمبلی کی مدت ایک دن بھی نہیں بڑھائی جانی چاہئے۔انہوںنے کہاکہ پچھلے دنوں میں جو وڈیوز اور آڈیوز آئی ہیں وہ ساری درست ہیں۔