لاہور(آن لائن ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں 178 ارکان کی حاضری یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ اجلاس میں عمران خان اعتماد کے ووٹ کیلئے تاریخ کا فیصلہ کریں گے، مونس الہٰی کو بھی 10 ق لیگی ارکان کی حاضری،
یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیارپورٹ مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے لیے پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے حکمت عملی بنانا شروع کردی، اس حوالے سے عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔ مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں تحریک انصاف کے178 ارکان اسمبلی کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔عمران خان نے عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح عمران خان نے چودھری مونس الہٰی کو بھی ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی اجلاس میں ق لیگ کے 10 ارکان اسمبلی کی حاضری یقینی بنائی جائے۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں عمران خان اعتماد کے ووٹ کیلئے تاریخ کا فیصلہ کریں گے۔