کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی )پاکستان میں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کراچی کے ہوٹل میں ملنے والی سہولتوں کے بارے میں خود ہی بتا دیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کراچی میں کھلاڑیوں کے ہوٹل کے کمرے
کے اندر کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مہمان کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کراچی میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولتوں سے بہت خوش اور مطمئن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج رات کرسمس ڈنر بھی کیا جائے گا، یہ ہوٹل بہت ہی شاندار ہے۔نیوزی لینڈ کے کوچ نے کہا کہ یہاں کھانوں کی بہت اقسام موجود ہیں۔دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ (آج)پیر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شر وع ہوگا جبکہ انگلینڈ سے وائٹ واش کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بہتری کیلئے پرامید ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے فیصلہ کیا کہ دوسرا ٹیسٹ میچ اور ون ڈے میچز ایک ایک دن قبل کروائے جائیں گے جس کا مطلب ہے کہ دوسرا ٹیسٹ میچ اب 2 جنوری سے شروع ہوگا اور پہلا ون ڈے 9 جنوری، دوسرا 11 اور تیسرا ایک روزہ میچ 3 جنوری کو ہوگا۔سیریز کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ(آج) 26 سے 30 دسمبر کوکراچی،دوسرا ٹیسٹ میچ 2 سے 6 جنوری کو کراچی کھیلا جائیگا ۔ شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 9 جنوری،دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 11 جنوری اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 13 جنوری کو کھیلا جائیگا ۔