کراچی (این این آئی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے براستہ دبئی کراچی پہنچ گئی۔نیوزی لینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آکلینڈ سے امارات ایئر کی پرواز سے لگ بھگ 17گھنٹے سے زائد کا مسلسل سفر طے کر کے جمعرات کی علی الصباح دبئی پہنچا۔ نیوزی لینڈ ٹیم اور آفیشلز دبئی سے امارات ایئر لائن سے کراچی پہنچے۔
پرواز ای کے 600 نے مقررہ وقت پر صبح 10:28 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ مہمان ٹیم کی آمدورفت کے دوران خصوصی پروٹوکول اور سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سندھ پولیس کے خصوصی یونٹ ایس ایس یو اور کراچی پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کراچی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔اپنے دورہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کراچی میں 3ایک روزہ میچز بھی کھیلے گی۔پہلا ایک روزہ میچ 10جنوری، دوسرا میچ 12جنوری، تیسرا اور اخری ون ڈے انٹرنیشنل 14جنوری کو کھیلا جائے گا۔مہمان ٹیم اپنے طے شدہ دورے کے پہلے مرحلے کے طور پر کراچی پہنچی ہے جبکہ مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13اپریل سے 7مئی تک پاکستان میں 10میچز کھیلے گی۔
اس دوران دونوں ٹیمیں 5ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔اس مرحلے میں شامل ابتدائی 4ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16اور 19اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، پانچواں ٹی ٹونٹی اور ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23، 26اور 28اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان سکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ کردیا تھا اور بغیر کوئی میچ کھیلے نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم 18سال کے طویل عرصے کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی تھی، اس دورے کے دوران کیویز نے 3 ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔