اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ کو ہدایت کی کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے فرق کو کم کیا جائے، معاشی صورتحال کی بہتری کے حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف
کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک کسی بھی طرح سے ڈیفالٹ نہیں کررہا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے فرق کو کم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہیں گمراہ کن ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ معیشت سے متعلق حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار معیشت پر بیک گراؤنڈ بریفنگ دیں گے۔ مزید برآں وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے بعض قانونی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے 5 رکنی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی، کابینہ کمیٹی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کرے گی اور اعتماد میں لے کر تحفظات دور کرے گی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ریکوڈیک منصوبے سمیت سرمایہ کاری کے دیگر تمام منصوبوں میں سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔اسی طرح وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ نے ملاقات کی۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو وفاقی حکومت کے کسان پیکیج پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔