لاہور (این این آئی)فائن آٹے کا 15کلو کا تھیلا 300رروپے اضافے کے ساتھ 1750روپے کا ہوگیا،چکی آٹے کی قیمت پانچ روپے اضافے کے ساتھ 125روپے سے بڑھا کر130 روپے کلو مقرر کر دی گئی۔ لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے نئی قیمتوں کا سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق
چکی کے فی کلو آٹے کی قیمت میں پانچ روپے اضافے کے بعد فی کلو چکی کا آٹا 130روپے کا ہوگیا جبکہ فائن آٹے کا 15کلو کا تھیلا 300رروپے اضافے کے بعد 1750روپے کا ہو چکا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد فائن آٹے کا 80کلو والا تھیلا 8600سے بڑھ کر 9500کا ہوگیا، 40کلو گندم کا تھیلا 700روپے اضافے کے بعد 4300 تک پہنچ گیا ہے۔لاہور کے تمام چکی مالکان کو سرکلر بھجوا دیا گیا اور ان قیمتوں کا اطلاق مارکیٹ پر بھی کردیا گیا۔اس حوالے سے لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک لیاقت علی نے کہا کہ غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمت آؤٹ آف کنٹرول ہوچکی ہے،بجلی کی قیمت بھی غیر معمولی بڑھ چکی ہے،چکی آٹا کی پیداواری لاگت بڑھنے سے آٹے کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم 4300روپے فی من ہوچکی، بجلی تین گنا مہنگی ہوچکی ہے،چکی مالکان کاروبار ترک کررہے ہیں۔