اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا تھا، یقین تھا حق اور سچ کی فتح ہوگی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ جو دعوے کیے گئے تھے، ان کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹا مقدمہ
بنانے میں صرف اور صرف عمران خان نیازی کا ہاتھ تھا، اس کیلئے پہلے اسلام آباد پولیس پر دبائوڈالا گیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میرے خلاف مقدمہ بنانے کے دبائوپر اسلام آباد پولیس کے آئی جی نے انکار کیا تو اس کے بعد یہ کام اے این ایف سے کرایا گیا۔انہوںنے کہاکہ جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ نے میرے سامنے تسلیم کیا تھا یہ معاملہ غلط ہوا ہے، انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا کہ میں اسے ختم کراوں لیکن بعد میں انہیں وقت ہی نہیں مل سکا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف اداروں کے خلاف بیانات دینے پر کیس درج ہے، ان کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے فارم ہائوس میں غیر قانونی تعمیرات تھیں اس لئے سیل کیا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب تک چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے بات نہیں ہوگی، ہم مفروضوں پر فیصلہ نہیں کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم چوہدری پرویز الہٰی کو پیشکش نہیں کریں گے، اگر ایسی صورتحال پیدا ہوتی تو غور کیا جاسکتا ہے۔