راولپنڈی ( این این آئی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی راولپنڈی کرکٹ گرائونڈ میں کی گئی، دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور بین اسٹوکس نے ٹرافی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔
ٹاس سیشن کے موقع پر انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کیلئے پرجوش ہیں ،پاکستان مشکل حریف ہے، کوشش ہوگی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں ،راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ بھی اچھی نظر آرہی ہے ۔دوسری جانب قومی کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے، اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے، انگلش کھلاڑیوں کو جلد آٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔قبل ازیں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پلیئرز کی دستیابی سے آگاہ کردیا تھا، انگلینڈ کے میڈیکل پینل نے کھلاڑیوں کو میچ میں شرکت کیلئے کلیئرنس دے دی تھی۔انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ٹیم کے 11 کھلاڑی کھیلنے کی پوزیشن میں ہیں۔واضح رہے کہ دورہ پاکستان پر موجود انگلش اسکواڈ کے درجن بھر ممبران کی طبیعت بگڑ گئی تھی، بین اسٹوکس، بین فوکس، جیک لیچ، بین ڈکیٹ اور جمیز اینڈرسن سمیت بیمار پلیئرز میں دیگر اہم کھلاڑی شامل ہونے کی وجہ سے راولپنڈی ٹیسٹ کے بر وقت آغاز پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔اس صورتحال پر دونوں بورڈز کے درمیان بدھ کی شام میٹنگ بھی ہوئی جس میں دونوں کرکٹ بورڈز کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر جمعرات کو میچ سے قبل انگلش کھلاڑی فٹ نہ ہوئے تو پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کو شروع کیا جائے۔اب دونوں بورڈز نے مشترکہ فیصلہ کر لیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔