لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کی اکثریت نےعمران خان کو فوری طور پر اسمبلیاں نہ توڑنے کا مشورہ دیاہے۔روزنامہ جنگ میں مقصود اعوان کی خبر کے مطابق پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے درمیان فوراً طور پر انتخابات کرانے کے لیے اسمبلیاں توڑنے یا کوئی اورلائحہ
عمل طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہےاور اسمبلیاں توڑنے کی صورت میں تحریک انصاف اوراتحادی جماعتوں کو سیاسی طور پر کیا فائدہ اور کیا نقصانات ہوسکتے ہیں.اِس حوالے سے خیبر پختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے عمران خان کے قریبی رفقا اور سرکردہ رہنماؤں کا بھی عمران خان سے مسلسل رابطہ ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ روز راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی تک جاری رہے گی۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی میں جلسہ کیا گیا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر پارٹی قیادت نے خطاب کیا۔پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کو کامیاب جلسہ قرار دیا جبکہ حکمران جماعت میں شامل اتحادیوں نے پی ٹی آئی کے جلسے کو ایک فلاپ جلسہ قرار دیا۔